ایچ ایم سی میں سروائیکل کینسر بارے آگاہی واک, سروائیکل کینسر خواتین میں پایا جانے والا پاکستان کا تیسرا بڑا کینسر ہے، شمشاد بیگم

میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوشن حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں سروائیکل کینسر سے آگاہی کے لئے واک کا اہتمام کیا گیا۔ ہسپتال کے شعبہ آبز اور گائینی کے زیر اہتمام سروائیکل کینسر سے متعلق آگاہی کے مہینے کے حوالے سے عوام میں شعور پیدا کرنے کے لئے خصوصی واک کی گئی جسکی سربراہی گائینی ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر شمشاد بیگم نے کی، اس واک میں گائینی ڈیپارٹمنٹ کی سینئر پروفیسر ڈاکٹر بشری روف سمیت دیگر فیکلٹی ممبران اور گائینی ڈیپارٹمنٹ میں تربیت حاصل کرنے والی طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر شمشاد بیگم کا کہنا تھا کہ سروایئکل کینسر خواتین میں پایا جانے والا سب سے عام کینسر ہے جسکی تشخیص آسانی سے ممکن نہیں لیکن بروقت تشخیص کے لئے 35 سال سے زائد عمر کی خواتین سال میں ایک بار ٹیسٹ ضرور کروائیں تا کہ اسکا بروقت علاج سے جانوں کا ضیاع کم کیا جا سکے۔ انکا کہنا تھا کہ سال کا پہلا مہینہ اس کینسر سے آگاہی کے لئے مختص کیا گیا ہے کیونکہ یہ عام کینسر ہونے کے ساتھ ساتھ قابل علاج بھی ہے لیکن بروقت تشخیص اسکے علاج کے مرحلے کو آسان بنا سکتی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر بشری روف نے شرکاء سے خطاب کے دوران کہا کہ سروایئکل کینسر دنیا بھر میں خواتین میں پایا جانے والا چھٹا اور پاکستان میں تیسرا بڑا کینسر ہے لہذا اس سے بچاو اور اسکا بروقت علاج نا گزیر ہے۔ اس کی بروقت تشخیص کے لئے 35 سے 45 برس کی خواتین کو تشخیصی ٹیسٹ کروانا چاہیے اگر انکو کچھ علامات جیسے خون کا آنا اور رحم سے نیچے مسلسل درد وغیرہ محسوس ہو۔ اسکے علاوہ معالج سے رابطہ اور خود کو انفیکشن سے دور رکھنا ایسی تدابیر ہیں جو سروایئکل کینسر کے ہونے کے خدشات کو کم کر سکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایم ٹی آئی حیات آبادمیڈیکل کمپلیکس پشاور میں اس حوالے سے سہولیات موجود ہیں اور ہمارا عملہ علاج کے ساتھ ساتھ لوگوں میں آگاہی بھی پیدا کرتا ہے۔